پاکستان اور اقوام متحدہ کا ترقی اور توانائی کی منتقلی میں تعاون جاری رکھنے کا عزم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحییٰ نے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی امداد کے بارے میں اقوام متحدہ کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ممکنہ تعاون کے لیے توانائی کی منتقلی ایک اہم شعبہ ہے۔
وزیر خزانہ نے محمد یحییٰ کو پاکستان کی پالیسی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کے شعبے کی افادیت کو بہتر بنانے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے فنانسنگ اور توانائی کی منتقلی ضروری ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور معاشرے کے تمام طبقوں کو فائدہ پہنچانے والے پائیدار حل کے نفاذ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔