آن لائن ویڈیو گیم’کونکورڈ ‘ لانچنگ کے بعد واپس بند کیوں کر دی گئی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیٹ پر ویڈیو گیمز تیار کرنے والی دُنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’سونی‘ نے کم فروخت اور گیمرز کی عدم دلچسپی کے باعث ‘کونکورڈ’ کو آن لائن پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا ہے اور اس گیمز کے خریداروں کو مکمل رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ویڈیو گیمز کمپنی سونی نے پیر کو مایوس کن فروخت اور ویڈیو گیمرز کی اس گیمز میں عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے 6 ستمبر سے اپنے پلے اسٹیشن گیم سے ویڈیو گیم’کونکورڈ‘ کو آف لائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پی ایس 5 اور پی سی کے لیے 23 اگست کو خصوصی طور پر لانچ کی جانے والی ویڈیو گیم ’کونکورڈ‘ کی 25 ہزار سے بھی کم کاپیاں فروخت ہوئیں جب کہ اسٹیم پر صرف 697 پلیئرز نے اسے سبسکرائب کیا، جو 2023 کے بدترین گیمز میں سے ایک سمجھی جانے والی ’دی لارڈ آف دی رنگز، گولم‘ سے بھی کئی زیادہ کم ہے۔
کونکورڈ‘ گیم کے ڈائریکٹر ریان ایلس نے ایک پلے اسٹیشن بلاگ پوسٹ میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گیم کو آف لائن کر دیا جائے گا کیونکہ وہ ویڈیو گیمرز کو بہتر طریقے سے شامل کرنے کے آپشنز تلاش کر رہی ہے۔ فوری طور پر کھیل کی فروخت بند کر دی گئی ہے اور سونی تمام خریداروں کو رقم کی مکمل واپسی جاری کرے گا۔
پی ایس 5 کے خریداریوں کے لیے رقم کی ریفنڈز پالیسی کے طریقہ کار پر بھرپور عمل کیا جائے گا ، جبکہ اسٹیم اور ایپک گیمز اسٹور کے صارفین چند ہی دنوں میں اپنی رقم کی واپسی کی توقع کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 سال کی مدت میں تیار کی گئی 40 ڈالر کی قیمت میں گیم کے طور پر لانچ کی جانے والی ‘کونکورڈ’ کو ’اوور واچ‘ اور ’ویلورنٹ‘ جیسے مقبول فری ٹو پلے ٹائٹلز سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔