بلوچستان میں گورننس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، میر سرفراز بگٹی
ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،زیر اعلیٰ بلوچستان
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید نئیر حسین بخاری اور صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ضیافت دی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید نئیر حسین بخاری اور صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ضیافت دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں گورننس، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں بلوچستان حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں ساتھ لیکر چلنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت اولین ترجیحات میں شامل ہیں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں انشاءاللہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں طے کر چکے ہیں کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔
بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں الحمدللہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور کارکن عوامی خدمت کے مشن میں وزیر اعلٰی بلوچستان کے شانہ بشانہ محنت کریں تاکہ بلوچستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اس پر پورا اترا جاسکے ۔