شاہ رخ خان کیلئے لوگ پاگل ہیں، مجھے بھی ایسی شہرت چاہیے: عرفی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بولڈ اور عجیب و غریب لباس زیب تن کرنے والی بھارت کی متنازع اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جیسی مقبولیت پانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹس پر اداکارہ کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر عرفی جاوید کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان وہ اداکار ہیں جنہیں کبھی بھی اپنی فلم کی تشہیر نہیں کرنی پڑتی، اس کے باوجود ان کی فلم ایک ہزار کروڑ روپے کما لیتی ہے۔
اداکارہ نے کہا شاہ رخ خان بینچ مارک ہے، ان کا نام ہی کافی ہے، وہ نا ایونٹ کرتے ہیں اور نہ ہی تشہیر کرتے ہیں، بس خود بخود ان کی فلمیں کمائی کرنے لگتی ہیں جس کی وجہ ان کی شہرت ہے۔
عرفی جاوید نے کہا میری نظر میں مقبولیت اسی کا نام ہے جو کہ شاہ رخ خان کو ملی ہوئی ہے، اور ان کی فلمیں دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں روپے کمانے لگتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر اداکار کو شاہ رخ خان جیسی مقبولیت سے نیچے بات ہی نہیں کرنی چاہیے اور ہر کسی کو ایسی ہی شہرت چاہیے ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ کی مقبولیت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ ان کے لیے کتنے پاگل ہوتے ہیں اور مجھے بھی ان جیسی ہی شہرت چاہیے۔