کیا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا سمیت مین اسٹریم میڈیا پر خبر گردش کررہی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی ہے۔
خبر میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سرفراز بگٹی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان ملاقات میں اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں رہائش پذیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی تردید کردی ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ میری وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ راستے بند ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا ہاؤس سے ہوتے ہوئے بلوچستان ہاؤس گیا، ملاقات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔