پارلیمنٹ کی بے توقیری سے لگتا تھا ہاؤس عوام کا نمائندہ نہیں، مجرموں کی آماجگاہ ہے، شبلی فراز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سب کی سانجھی ہے، گزشتہ روز اس کا وقارمجروح ہوا، لیکن حکومتی بینچوں نے اس پرایک لفظ بولنے کی بھی زحمت نہیں کی، جو قابل افسوس ہے۔
منگل کو سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کو گرفتار کر کے کیا پیغام دیا گیا، اس سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی لیکن حکومتی بینچوں سے کوئی ایک لفظ بھی نہیں بولا گیا۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہمارے ارکین کو زبردستی اٹھا کر پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا گیا، لگتا تھا یہ پارلیمنٹ ہاؤس عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ مجرموں کی آماجگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سب کی سانجھی ہے، کل پورے پاکستان نے دیکھا کہ پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا اور اس پر سب سے زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومتی بینچوں سے اس سے متعلق ایک لفظ بھی سامنے نہیں آیا، اس کا مطلب ہے کہ حکومتی بینچ اس بات کو درست مان رہے ہیں، جو کچھ پیر کو پارلیمنٹ میں ہوا۔
انہوں نے حکومتی نمائندگان سے کہا کہ آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ بڑی جماعتیں سکڑ کر چھوٹی رہ گئی ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔ آپ نے عوام کو چھوڑ دیا ہے اور صرف ذاتی مفادات کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔