پائیدار استحکام اور ترقی کیلئے جمہوریت کی مضبوطی ضروری ہے،سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر جاری کئے گئے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور ترقی کے لئے جمہوریت کی مضبوطی ضروری ہے، جمہوری نظام عام آدمی کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیتا ہے، پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل کا واحد راستہ جمہوریت ہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی ایک طویل تاریخ ہے ، جمہوریت کی آبیاری کے لیے پارٹی قائدین سے لیکر ایک عام کارکن نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا ،شہید محترمہ بے نظیربھٹو نے سیاسی تناظر میں جمہوری طرز حکمرانی کو بہترین انتقام قرار دیا، جمہوری نظام میں منتخب عوامی نمائندے عوام کی بہترین خدمت کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کا استحکام ہمارا نصب العین ہے، بلوچستان میں مخلوط حکومت جمہوری عمل کا ایک بہترین امتزاج ہے ، عوامی خدمت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ان کے نظریات کے ساتھ لیکر چلنا ہی جمہوریت ہے ، عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر شہید بینظیر بھٹو سمیت تمام شہدا جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔