عباسی شہید اسپتال کے ملازم کو رشوت لینے پر قید اور جرمانے کی سزا
کراچی(قدرت روزنامہ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے عباسی شہید اسپتال کے ملازم کو رشوت لینے پر قید اور جرمانے کی سزا سُنا دی۔
تفصیلات کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے ملازم ذوالفقار علی پر 4 لاکھ رشوت لینے کا الزام تھا، ذوالفقار علی کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی خصوصی ٹیم نے میجسٹریٹ کی نگرانی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔
انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے ملازم ذوالفقار علی کو رشوت لینے کا الزام ثابت ہونے پر ایک سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن امتیاز ابڑو نے کہا کہ سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں مقدمات کے اندراج اور کیسز کی عدالت میں پیروی کو بہتر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن امتیاز ابڑو نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق کرپشن کے لیے زیرو ٹالرنس ہے۔ امتیاز ابڑو نے مزید کہا کہ عوام رشوت ستانی کے خاتمے کے لیے محکمے کے ساتھ تعاون کرے۔