بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر، فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں مزید کمی کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اعلان کیا ہے کہ صارفین سے اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے ) کی مد میں جولائی کی نسبت مزید 20 پیسے فی یونٹ کم چارج کیے جائیں گے۔
جمعرات کو نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت عوامی سماعت مکمل کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں 57 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔
اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا تاہم یہ کے الیکٹرک صارفین پر لاگو نہیں ہو گا۔
اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
سی پی پی اے جی نے اس سے قبل صارفین سےجولائی کے ایف سی اے کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا تھا۔
اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت صارفین سے مزید 20 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔