بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اڈیالہ جیل سے کارکنوں کے نام پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئر مین عمران خان نے اڈیالہ جیل سے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’قوم اپنی آزادی کے لیے کھڑی ہوگئی ہے، ہم کسی قیمت پر آئین کو روند کر گینگ آف تھری کو ایکسٹنشن نہیں لینے دیں گے۔
ہفتہ کے روز ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے ذریعے کارکنوں کے نام جاری کیے گئے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ اپنی آزادی کے لیے قوم کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ میں 15 ماہ سے آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کے لیے جیل میں ہوں۔
عمران خان نے زور دے کر کہا کہ ہم کسی صورت گینگ آف تھری کی ایکسٹنشن نہیں ہونے دیں گے، یہ آئین کو روند کر گینگ آف تھری کو ایکسٹنشن دینا چاہتے ہیں، یہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، یہ بوٹوں کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں، عوام کی حقیقی نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کر رہی ہے۔ ہم آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ہماری یہ جدوجہد حقیقی آزادی تک جاری رہے گی۔