کراچی؛ گھر کے باہر کئی ماہ سے کھڑی گاڑی میں دم گھٹنے سے بچہ جاں بحق


کراچی(قدرت روزنامہ)گلستان جوہر میں دو کمسن بھائی کھلیتے ہوئے گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں جا بیٹھے، گاڑی کے دروازے لاک ہو جانے سے ایک کمسن بھائی دم گھںٹے سے جاں بحق جبکہ دوسرے بھائی کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں جاں بحق ہوئے بچے کی شناخت 4 سالہ رؤف اور تشویشناک حالت میں گاڑی سے نکالے جانے والے بچے کی شناخت 3 سالہ حسان کے نام سے کی گئی۔
شارع فیصل پولیس کے مطابق دونوں بچے آپس میں سگے بھائی ہیں، واقعے کے وقت بچوں کا والد گھر پر موجود نہیں تھا جبکہ والدہ گھر کے اندر موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق انھوں نے بتایا کہ کمسن بچے مالک مکان کے ہیں جبکہ گاڑی کرایہ دار کی ہے جو کہ کئی ماہ سے خراب حالت میں گھر کے باہر کھڑی ہے۔ پولیس نے گاڑی کے مالک کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔