پنجاب میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے لیے 8 ٹریبونلز تشکیل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے لیے 8 الیکشن ٹریبونلز تشکیل دے دیے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ اور ریٹائرڈ ججوں کو الیکشن ٹریبونلز میں شامل کیا گیا ہے، اور اس کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن میں بتایا ہے کہ سیالکوٹ، ننکانہ، شیخوپورہ اور لاہور کے کچھ حلقوں کے لیے جسٹس سلطان تنویر احمد، لاہور کے دیگر حلقوں کے لیے جسٹس (ر) رانا زاہد محمود اور چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور حافظ آباد کے لیے جسٹس محمد اقبال چوہدری پر مشتمل ٹریبونلز تشکیل دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکپتن، وہاڑی، قصور، ساہیوال اور اوکاڑہ کے لیے جسٹس انور حسین، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور نارووال کے لیے جسٹس (ر) محمود مقبول باجوہ پر مشتمل ٹریبونلز تشکیل دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، تونسہ، راجن پور، کوٹ ادو اور لیہ کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کریں گے۔
راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، مری اور چکوال کے لیے جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ پر مشتمل ٹریبونل تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ جسٹس (ر) ظفر اقبال بہاولپور، بہاول نگر، رحیم یار خان، لودھراں اور مظفرآباد گڑھ کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کریں گے۔