کرکٹر ہاردک پانڈیا سے طلاق کے بعد نتاشا کی شوبز دنیا میں واپسی، تصویر شیئر کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے طلاق کے بعد سربیئن ماڈل و اداکارہ نتاشا اسٹینکوویچ نے شوبز کی دنیا میں واپسی کر لی۔
ہاردک پانڈیا نتاشا اسٹینکوویچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور دونوں کا ایک 4 سالہ بیٹا آگستیا بھی ہے۔ رواں برس 18 جولائی کو ہاردک اور نتاشا نے انسٹاگرام پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔
انسٹاگرام پوسٹ میں ان دونوں کا کہنا تھا کہ چار سال ساتھ رہنے کے بعد ان دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں نے مل کر اپنے رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کی، یقین ہے کہ علیحدگی کا فیصلہ دونوں کے بہترین مفاد میں ہے۔
طلاق کے بعد نتاشا نے بھارت بھی چھوڑ دیا تھا لیکن اب کچھ روز قبل ان کی بھارت واپسی ہوئی ہے۔
نتاشا نے اب اپنی توجہ کیریئر پر مرکوز کرلی ہے اور وہ مختلف پراجیکٹس کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جن میں میوزک ویڈیوز سمیت آئٹم نمبرز بھی شامل ہیں۔
گزشتہ روز نتاشا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے نئے پراجیکٹ کا اعلان کیا، اداکارہ نے گلوکار پریت اندر کے ساتھ اپنی نئی آنے والی میوزک ویڈیو ‘تیرے کرکے’ کا پوسٹر شیئر کیا۔
ماڈل و اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اس گانے کا ٹیزر 6 اکتوبر اتوار کے روز یوٹیوب پر لانچ کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اب نتاشا اپنی تمام تر توجہ اپنے کام پر لگانا چاہتی ہیں اور یہی ان کی بھارت واپسی کی وجہ ہے۔