15اکتوبر کی یلغار روکنے کے لیے ریاست پوری طاقت کا استعمال کرے گی، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تمام سہولت کاری عدلیہ کر رہی ہے، جتنا ریلیف بانی پی ٹی آئی کو ملا کسی کو نہیں ملا، ان کا مقصد عمران خان کی رہائی ہے۔ یہ 15اکتوبر کو دوبارہ 9مئی برپا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یلغار روکنے کے لیے پوری ریاست طاقت کا استعمال کرے گی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال ملک دشمن سازش کی کڑی ہے، 2014 کے دھرنے سے سازش کا آغاز ہوا، چینی وزیر اعظم کی آمد پر دھرنا دیا گیا۔ عدالتوں کو نظر نہیں آرہا کہ یہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کیا کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی ہو‘۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی تاریخ قابل رشک نہیں، عدلیہ پی ٹی آئی کی کال کا نوٹس لے، پچھلے دنوں جو پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اس پر عدالت نے کیوں سوموٹو ایکشن نہیں لیا؟ ہماری عدالتوں نے عمران خان کو دھڑا دھڑ ریلیف دیا، نوازشریف اور ہمیں ایسا ریلیف نہیں دیا گیا۔
خواجہ آصف کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی والوں نے دہشتگردی کی کبھی مذمت نہیں کی، پی ٹی آئی نے 15اکتوبر کو پھر احتجاج کی کال دی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سافٹ ویئرکہاں اپ ڈیٹ ہوا یہ الگ معاملہ ہے۔ ڈاکٹر سعید اورحکیم سعید نے کہا تھا عمران خان غیرملکی قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ان کا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، شاندانہ گلزار نے کہا بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں۔ لیکن ہم کہتے ہیں پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان کے بغیر ہم کچھ نہیں۔
شخصیات کا وجود آنی جانی چیز ہوتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو احتجاج کی کال واپس لینی چاہیے، آج عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کیخلاف جیل سے ٹویٹ کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی تباہی کا سامان مہیا کیا، یہ لوگ پاکستان کو دنیا کے سامنے شرمندہ کرنے کا سامان تیار کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو احتجاج کرنے کی کسی قیمت بھی اجازت نہیں دیں گے۔