عالمی رہنما پاکستان سے اچھے تاثرات لے کر واپس جائیں گے، وزیر اطلاعات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی رہنما اور مندوبین پاکستان سے اچھے تاثرات لے کر جائیں گے۔
عطاءاللہ تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایس سی او اجلاس کے لئے بہترین انتظامات کئے، عالمی رہنما اور مندوبین پاکستان سے اچھے تاثرات لے کر جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، 27 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے عوام اور اس کے سافٹ امیج میں ثقافت کا اہم کردار ہوتا ہے، ثقافتی تبادلوں کو آگے بڑھانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سربراہ اجلاس میں علاقائی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کی بات کی، ایس سی او سربراہ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قزاخستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔