کسی پارلیمنٹیرین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ریاست نشان عبرت بنا دے گی، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اگر کسی پارلیمنٹیرین کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ریاست نشان عبرت بنا دے گی . اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک جماعت کی طرف سے پیغام گردش کررہا ہے، لیکن میں واضح کرتا چلوں کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی .

انہوں نے کہاکہ آکسفورڈ کے چانسلر کے الیکشن کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری ہوئی ہے جس میں عمران خان کا نام شامل نہیں . انہوں نے کہاکہ آکسفورڈ کی طرف سے درست فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ جس شخص پر کیسز چل رہے ہوں اس کو چانسلر کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے . عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ایس سی او کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر بحال ہوئی ہے، اور اب ملک ترقی کرے گا . انہوں نے کہاکہ 27 سال بعد ایسی کانفرنس کا ہونا پاکستان کے لیے اعزاز ہے، سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے مختلف ممالک سے بات ہوئی ہے . واضح رہے کہ حکومت کل مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ تحریک انصاف کو خدشہ ہے کے ان کے ارکان پارلیمنٹ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے سکتے ہیں . . .

متعلقہ خبریں