کوئٹہ ایئرپورٹ: زیورات سمیت قیمتی اشیا خاتون شہری کو واپس مل گئیں
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے دبئی سے وطن واپس پہنچنے والی مسافر خاتون کو ایئرپورٹ پر رہ جانے والے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا واپس لوٹا دی گئی ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق خاتون مسافر 22 اکتوبر کو دبئی سے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں، بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں کسٹمز اسکینر مشین پر ایک ٹرالی بیگ لاوارث پایا گیا، قائم مقام ٹرمینل مینیجر نے کسٹمز، اے این ایف اور اے ایس ایف کے اہلکاروں کی موجودگی میں بیگ کو اپنی تحویل میں لیا۔
’معائنہ پر بیگ میں سونے کے زیورات کے دو سیٹ اور دو سونے کی بالیاں پائی گئیں، بیگ میں مختلف مصنوعی زیورات، ایک خواتین کا سوٹ اور دیگر ذاتی استعمال کی اشیا بھی پائی گئیں۔‘
اعلامیہ کے مطابق ایئرپورٹ اہلکار نے ایئر لائن کے ذریعے ٹریس کیے گئے سیل فون نمبر کے ذریعے خاتون مسافر سے رابطہ کیا اور ایئرپورٹ آنے پر ٹرمینل مینیجر نے انہیں بیگ سمیت تمام اشیا تصدیق کرنے پر واپس کردی ہیں۔