اسلام آباد

پی ٹی آئی 4 سے 5 دھڑوں میں تقسیم، 27ویں آئینی ترمیم پر غور نہیں کیا گیا، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 4 سے 5 دھڑوں میں تقسیم ہے، 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کسی حکومت اجلاس میں غور نہیں کیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 27ویں آئینی ترمیم کی بازگشت میں نے میڈیا پر ہی سنی ہے، اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی کا کام قانونی اصلاحات کرنا ہے، قانونی اصلاحات کے بہت سے پہلو ہیں جو زیرغور آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، جسٹس منصور اور جسٹس منیب اختر کے ججز کمیٹی میں آنے سے حکومت کو کوئی پریشانی نہیں۔
سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آئینی بینچ میں شمولیت سے کوئی جج متنازع نہیں ہوگا، چیف جسٹس پاکستان کی تقرری آئین و قانون کے مطابق ہوئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اب کوئی آئین کو ری رائٹ نہ کرسکے کیونکہ یہ صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے پراسس میں ساتھ رہی ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ نوے فیصد تک ترمیم پر متفق ہیں، لیکن بعد میں عمران خان نے قیادت کو ڈانٹ ڈپٹ کی کہ میری رہائی کے لیے احتجاج کریں اور افراتفری پھیلائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی سسٹم کا حصہ ہے، صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے احتجاج ماضی میں بھی ناکام ہوئے، تاہم اب ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں۔

متعلقہ خبریں