کے پی اور پنجاب حکومت کے بعد کراچی کے تاجر بھی پی آئی اے خریدنے کے خواہشمند


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے ہمارے ملک اور نسلوں کی تاریخ جڑی ہے۔ کراچی کے تاجروں نے وابستگی کی وجہ سے پی آئی خریدنے میں دلچسپی لی ہے، کراچی کے تاجر مسلسل مجھ سے رابطہ کرکے ایئر لائن کے معاملے پر بات کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے تاجر چاہتے ہیں کہ ایک سال کے لیے پی آئی اے انہیں دی جائے، کراچی کے تاجر نئی ایئر لائن شروع کرنے میں بھی سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے کراچی کے تاجروں سے کہا ہے نئی ایئر لائن کا نام پی کے رکھیں، نئی ایئر لائن میں پی کا مطلب پاکستان، کے معنی کراچی ہوں گے۔ کراچی ایئر شروع کی گئی تو ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ تاجروں کی آواز بن کر ملک کو روزگار اور لوگوں کو خوشحالی دینا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت بھی وزارت خزانہ کو خط لکھ کر پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہے۔ وہیں اگلے روز پنجاب حکومت کی جانب سے بھی پی آئی خریدنے اور اسے ایئر پنجاب کے نام سے چلانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔