دوران پرواز ظہیر اقبال نے ایسا کیا کیا کہ سوناکشی چڑگئیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے شوہر ظہیر اقبال کو دنیا کے سامنے دکھانے سے خود کو نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اپنے شوہر کے ساتھ ہوائی جہاز میں سوار ہیں۔
سوناکشی سنہا نے بتایا کہ ان کے شوہر ظہیر انہیں خود اپنے لیے ایک لمحہ بھی گزارنے نہیں دینا چاہتے تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سوناکشی ایک آرام دہ لباس میں چہرے پر ماسک پہنے نیند لینے کی کوشش کر رہی تھیں جب ظہیر اقبال نے فیصلہ کیا کہ انہیں تھوڑا تنگ کیا جائے۔
ظہیر اقبال نے ویڈیو بناتے ہوئے سوناکشی کے چہرے کا ماسک کھسکا کر ان کی آنکھوں کے اوپر کردیا جس سے وہ ہڑبڑا کر جاگ گئیں اور پھر اپنے ماسک کو ٹھیک کرتے ہوئے انہوں نے شوہر کے کندھے پر ایک چپت لگا دی۔
گو سوناکشی کو اس حرکت پر تھوڑی بیچینی تو ہوئی لیکن وہ ظہیر کی اس مزاحیہ حرکت پر اپنی ہنسی نہ روک سکیں۔
بعد ازاں سوناکشی نے ظہیر کی بنائی ہوئی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی جس کے صرف ایک گھنٹے کے اندر اس پر ایک لاکھ سے زیادہ لائکس اور کئی تبصرے آگئے۔
سوناکشی اور ظہیر کے پرستاروں نے ہنسی اور دل کے ایموجیز کے ساتھ تبصروں کی بھرمار کردی۔ کچھ نے ریمارکس دیے کہ بالی ووڈ جوڑے کے درمیان ایسے لمحات اور اٹکھیلیاں دیکھنا بہت خوشگوار ہے۔
بھارت کے معروف اور ویٹرن اداکار شتروگھن سنہا کی صاحبزادی سوناکشی سنہا نے 23 جون 2024 کو اپنے ظہیر اقبال سے 7 سال تک ڈیٹنگ کے بعد شادی کی۔ سوناکشی اکثر اپنے مداحوں کو اپنے شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں اور اپنی ازدواجی خوشی کی جھلکیں شیئر کرتی رہتی ہیں۔