ڈرامہ ’صلاح الدین ایوبی‘ کے اوغور گونیش پاکستانی مداحوں کی محبت میں گرفتار


جلد ہی پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈرامہ سیریزسلطان صلاح الدین ایوبی پاکستان اور ترکی کا ایک مقبول مشترکہ منصوبہ ہے۔ یہ تاریخی سلسلہ مسلمان حکمران صلاح الدین ایوبی کی زندگی اور فتوحات پر مبنی ہے۔
سیریز گزشتہ سال ترکی میں نشر ہوئی تھی اور اب پاکستان میں کامیابی کے ساتھ نشرکی جارہی ہے اور ہر قسط کو 2.5 ملین سے زیادہ ویوز ملتے ہیں۔ سیریز اردو ڈبنگ میں نشر ہورہی ہےاور اسے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔
اس ڈرامے کے مرکزی کردار اوغور گونیش کا تعلق ترکی سے ہے۔ بھاری سرمائے سے تیار کی جانے والی اس سیریز کے پروڈیوسر ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ڈاکٹر کاشف انصاری، احمد فاروق بکاک، ڈاکٹر جنید علی شاہ ہیں۔
حال ہی میں ، اوغور گونیش نے ایک انٹرویو میں پاکستانی مداحوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستانیوں کی جانب سے زبردست پیار مل رہا ہے اور وہ تین ماہ بعد پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ابھی فی الحال وہ سیریز کے سیزن 2 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جسے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور دنیا کے دیگر حصوں میں ان کی سیریز کی کامیابی کے بعد انہیں پاکستانیوں کی جانب سے بہت سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی شوٹنگ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کاسٹ کو موسم کی وجہ سے شوٹنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکار کے مطابق ایکشن سیکوئنس بھی بہت مشکل تھے۔