پی ٹی آئی احتجاج: بتا نہیں سکتا لیکن ہماری حکمت عملی سخت ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری تیاری ہر وقت مکمل ہوتی ہے، ابھی بتا نہیں سکتا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے لیے ہماری حکمت عملی سخت ہوگی .
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے مطابق پرامن احتجاج کرتے ہیں جس کا ہمیں حق ہے .


انہوں نے کہا کہ ہمارا راستہ روکا جاتا ہے، ہم پر تشدد ہوتا ہے، ہمارے خلاف ربڑ بلٹس کا استعمال کیا جاتا ہے اور خندقیں کھودی جاتی ہیں . انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، اب ہم ٹرین ہوچکے ہیں . ریسکیو مشینری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشینری کے حوالے سے ہمارا کیس چل رہا ہے .
علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری تیاری تو پہلے سے ہی مکمل تھی، تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، بہترین طریقے سے احتجاج کریں گے، پہلے بھی بتایا تھا اب پھر بتا رہا ہوں کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے واپسی نہیں ہوگی .
واضح رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان نے میڈیا کے سامنے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے .
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اب ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پوری پارٹی اور لیڈرشپ کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کس طرح کرنا ہے .
علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے چوری شدہ مینڈیٹ، ناحق گرفتاریوں اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکلا، سول سوسائٹی، کسان اور طلبہ کو 24 نومبر کو احتجاج اور اپنے مستقبل کے لیے نکلنے کی ہدایت کی ہے .

. .

متعلقہ خبریں