ریاست بہاولپور کے سابق حکمران سر صادق عباسی کا مجسمہ توڑ دیا گیا، عوام میں غم و غصے کی لہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تقسیم برصغیر سے قبل ریاست بہاولپور کے حکمران رہنے والے نواب سر صادق عباسی کا مجسمہ توڑ دیا گیا۔
نواب سر صادق عباسی کا مجسمہ بہاولپور میں گلزار صادق پارک کی باؤنڈری پر نصب کیا گیا تھا، جہاں نامعلوم شرپسندوں نے مجسمے سے سر غائب کردیا۔
ریاست بہاولپور کے حکمران کے مجسمے کو توڑنے پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
عوام نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے ایسی حرکت پولیس اور خصوصاً کنٹونمنٹ بورڈ کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔ جبکہ اس کے علاوہ گلزار صادق پارک کا فنڈ کھانے والوں کے لیے بھی یہ لمحہ فکریہ اور سوالیہ نشان ہے۔
بہاولپور کے عوام نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوام نے کہا ہے کہ اگر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ہم اس حرکت کے خلاف احتجاج کریں گے۔
دوسری جانب کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، جس کی تفتیش جاری ہے۔