کراچی: سندھ کے قدیم فنون کو اجاگر کرتا تین روزہ ’سندھ کرافٹ فیسٹیول‘ اختتام پذیر


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ کی قدیم تہذیب، تاریخ، روایات، فنون اور رسم رواج کو اجاگر کروانے کیلئے منعقد ہونے والا سندھ کرافٹ فیسٹیول اپنے اختتام کوپہنچ گیا۔
میلے کے اختتامی روز متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید، قونصل جنرل بخیت عتیق اور صوبائی وزرا نے فیسٹیول کا دورہ کیا، ہنرمندوں سے گفتگو کی، اور ثقافتی اشیا خریدیں۔
سندھ کرافٹ میلہ سندھ کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دیہی خواتین کیلئے روزگار کا بھی بڑا ذریعہ ثابت ہوا۔
سندھ کرافٹ فیسٹیول تین روز تک صوبے کی ثقافت، روایات اور ہنر کے رنگ بکھیرتا رہا، میلے میں 90 سے زائد اسٹالز پر دیہی خواتین کی بنائی ہوئی اجرک، رلی، سندھی ٹوپی اور دستکاری سمیت ہاتھوں سے تیار کردہ اشیا پیش کی گئیں۔
شرکاء نے فیسٹیول کےانعقاد کو درست سمت میں مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کے ذریعے جہاں صوبے کا خوش نما چہرہ دنیا نے دیکھا تو وہیں دیہی خواتین کو روزگار بھی میسر آیا۔
تین روزہ فیسٹیول کے اختتام پر مقامی گلوکاروں نے سربکھیرتے ہوئے روایتی موسیقی سے میلے کی شان بڑھائی۔