’نہ کھانا نہ پانی نہ آرام‘، سندھ سے ایمرجنسی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار کے شکوے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سندھ سے دھرنے کی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ 2دن سے بغیر آرام کیے ڈیوٹی کررہے ہیں، ڈھنگ کا کھانا ہی دے دیں اور پینے کے لیے پانی ہی فراہم کردیں۔ سب سے بڑھ کر یہاں موسم ٹھنڈا ہے تو ہمیں تنخواہ دلوائیں تاکہ ہم اپنے لیے کوئی جرسی تو خریدیں۔
سندھ سے ایمرجنسی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آرام کا وقت نہیں دیا جا رہا، کل صبح سے ڈیوٹی کر رہے ہیں، پانی کی سہولت بھی نہیں ہے، کھانے کے لیے دن میں صرف 2دفعہ ڈبے میں چاول دے رہیں ہیں۔
سندھ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ سندھ کے ضلع نوشیرو فیروز سے آئے ہیں 2دن سفر کیا ہے اور 2دن یہاں گزر گئے ہیں، تھک گئے ہیں نیند بھی بہت آئی ہے، گاؤں ہوتا تو پیسے ادھار لے لیتے، یہاں تو کسی سے ادھار بھی نہیں لے سکتے۔
جو اہلکار کراچی سے آئے ہیں ان کو سیٹیں مل گئی تھیں تو وہ سوکر آئے ہیں، ہم دروازوں پر کھڑے ہو کرآئے ہیں‘۔
اہلکار نے بتایا کہ ڈیوٹی کے دوران صرف 15منٹ کھانے اور باتھ روم کا وقفہ دیا جارہا ہے، پانی نہیں دے رہے اور چائے بھی خود سے ہی پی رہے ہیں۔
پولیس اہلکار نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ جلد سے جلد دلوا دیں، تاکہ ڈھنگ کا کھانا کھالیں اور اوپر پہننے کے لیے بھی کچھ لے لیں تاکہ زیادہ سردی میں اچھے سے ڈیوٹی کرسکیں۔