اسلام آباد احتجاج کی آڑ میں پی ٹی آئی کارکنان کی پُرتشدد کارروائیاں جاری

وڈیوز سے واضح ہے کہ توڑپھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں پولیس اور رینجرز اہل کار شہید ہو چکے ہیں جب کہ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی احتجاج کی آڑ میں پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔
احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں کی وڈیوز سے واضح ہے کہ توڑپھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پر حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔
پی ٹی آئی کے شرپسند کارکنان کے حملوں سے رینجرز کے اہلکار شہید جب کہ کئی زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب پولیس کے اہلکار شہید اور تقریباً 119 زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین کے حملوں سے پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پرتشدد کارروائیوں کے باعث اسلام آباد پولیس کے 11 اہل کار شدید زخمی ہیں۔ شہید ہونے والے رینجرز کے اہلکاروں میں نائیک محمد رمضان شہید(عمر 47 سال، ساکن ضلع کرک)، سپاہی گلفام خان شہید (عمر 29سال، ساکن ضلع راولپنڈی ) اور سپاہی شاہنواز شہید (عمر 33سال، ساکن ضلع سبی) شامل ہیں۔ اسی طرح رینجرز کے شدید زخمی اہلکاروں میں نائیک عارف ، لانس نائیک آصف اور سپاہی اشرف علی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہرین نے سرکاری املاک پر بھی حملے کیے ہیں۔ پرتشدد واقعات اور توڑ پھوڑ کی متعدد وڈیوز منظرعام پرآ چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات پر آگ لگائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
پولیس کی جانب سے متعدد پرتشدد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ شرپسند عناصر کی شناخت کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ پرتشدد عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔