علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی خیبرپختونخوا پہنچ گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مظاہرین کے خلاف آپریشن شروع ہونے کے بعد فرار ہونےو الے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی خیبرپختونخوا پہنچ گئے تاہم اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان گرفتار۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخاندانی ذرائع نے تصدیق کردی ہے کہ علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی بھی خیبرپختونخوا پہنچنے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ علی امین اور بشریٰ بی بی دونوں محفوظ ہیں۔
ادھر حکومتی وزرا کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور ایک ہی گاڑی میں فرار ہو گئے تھے لیکن متعدد مظاہرین گرفتار ہوئے ہیں، جناح ایونیو، سیونتھ ایونیو سے مظاہرین گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون سمیت اسلام آباد کے تمام علاقوں سے مظاہرین غائب ہوچکے ہیں، سڑکوں پر گاڑیاں، کنٹینر ، رکاوٹیں ، پولیس اور سکیورٹی فورسز موجود ہیں۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور، بشریٰ بی بی بلیو ایریا میں کلثوم پلازہ کے قریب گاڑیوں میں موجود تھے اور پی ٹی آئی مظاہرین کی قلیل تعداد گاڑیوں کے پاس موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق بلیو ایریا میں آپریشن شروع ہوتے ہی بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور ڈی چوک ایریا سے فرار ہوگئے اور اطلاعات کے مطابق دونوں ڈی چوک ایریا سے ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اورعلی امین کس طرف گئے، حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم اطلاعات کے مطابق دونوں جناح ایونیو سے ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس علی امین گنڈاپور کے گارڈز کی گاڑی روکنے میں کامیاب، ہوگئی ہے جبکہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی گاڑی کا پیچھا کیا گیا۔