بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد سے نکلنے کے بعد رات کہاں قیام کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں احتجاج ختم ہونے اور مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور بشریٰ بی بی کے لاپتا ہونے سے متعلق خبریں زیرگردش رہیں، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب مانسہرہ میں ہیں اور وہ آج اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کی رہائشگاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
قبل ازیں، پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کے بعد بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور کے ایک ہی گاڑی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا فرار ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، تاہم رات دیر گئے بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔
بعدازاں، مریم وٹو کی جانب سے ایک اور بیان سامنے آیا کہ بشریٰ بی بی کے پختونخوا پہنچنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں تاہم رات سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، خدشہ ہے کہ انہیں اغوا کرلیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور محفوظ ہیں، تاہم شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ دونوں اس وقت کہاں ہیں۔
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے غائب ہونے سے متعلق رات بھر کی جانے والی قیاس آرئیوں کے بعد اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم کے بھائی تیمور سلیم نے اس حوالے سے وضاحت پیش کردی تھی علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی اسلام آباد سے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی نے رات کو سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں قیام کیا تھا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی سرکٹ ہاؤس میں موجود تھے۔