آن لائن جیون ساتھی کی تلاش، سوہنا سپنا یا حقیقت؟، خاتون نے 3 ماہ میں 35 لاکھ کما لیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت اس وقت دُنیا بھر میں شادی کے لیے آن لائن ڈیٹنگ اور میچ میکنگ کی صنعت تیزی سے بڑھ رہی ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ اب اپنے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا رخ کر رہے ہیں۔
اگرچہ ان پلیٹ فارمز کی سہولت نے ان کے لیے اپنے جیون ساتھی کو تلاش کرنا قدرے آسان بنا دیا ہے، لیکن ساتھ ہی اس تبدیلی نے دھوکا دہی کی سرگرمیوں میں بھی نمایاں طور پر اضافہ کیا ہے۔
آن لائن جیون ساتھی کی تلاش کے دوران ہونے والی دھوکا بازی میں دیگر ممالک کی صف میں چین اس وقت سر فہرست آ گیا ہے، جہاں تنہا اور سادہ لو مردوں کو ’جیون ساتھی‘ کی تلاش میں لوٹا جا رہا ہے۔
جنوب مغربی چین میں بڑے اسکینڈلز
چین کے جنوب مغربی علاقے میں جیون ساتھی کی تلاش کے لیے متعدد ایجنسیاں کام کر رہی ہیں، یہاں ہونے والی دھوکا دہی کے بعد یہ ایجنسیاں پولیس کی جانچ پڑتال کی زد میں آ گئی ہیں۔ یہاں مردوں کو اکثر مناسب دلہن تلاش کرنے کا وعدہ کرکے انہیں مختلف اسکینڈلز میں پھنسایا جاتا ہے، اس میں ملوث خواتین زیادہ دھوکا دہی کی کارروائیوں کا حصہ لے رہی ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ یہاں ان میں سے کچھ خواتین نے جیون ساتھی بننے کی آڑ میں کمزور مردوں کا استحصال کرکے چند مہینوں کے اندر 300،000 یوآن (تقریبا 35 لاکھروپے) کمائے ہیں۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کے مطابق، صوبہ گوئیژو کے گیانگ سے ایک عدالتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ صرف ہواگویوان پولیس اسٹیشن کو گزشتہ سال مارچ اور ستمبر کے درمیان میچ میکنگ فراڈ کے بارے میں 180 شکایات موصول ہوئیں۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ جیون ساتھی کی تلاش میں دھوکا دہی کی سرگرمیاں کس حد تک پھیلی ہوئی ہیں۔
فلیش یعنی فوری شادیاں کیا ہیں؟
میچ میکنگ کے کاروبار میں ایک عام اسکینڈل یہ شامل ہے جسے ’فلیش شادیاں‘ کہا جاتا ہے۔ ان اسکینڈلز میں مردوں سے ایجنسی کی جانب سے جیون ساتھی کےچناؤ کے لیے بعض خواتین کو متعارف کرایا جاتا ہے اور چند ہی دنوں میں پھر ان پر ان سے شادی کرنے کا دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
ان فوری شادیوں کے بعد مردوں کو اکثر ایجنسی کو دلہن کی قیمت کے طور پر اچھی خاصی رقم ادا کرنی پڑھتی ہے۔ تاہم اس طرح کی شادیاں عام طور پر زیادہ دیر تک نہیں چل پاتیں، کیونکہ خواتین یا تو مختصر مدت کے بعد غائب ہو جاتی ہیں یا ایسا کوئی تنازع کھڑا کر دیتی ہیں جو جلد ہی طلاق کا باعث بنتا ہے۔’فلیش شادیوں‘ کی اصطلاح اس لیے استعمال کی جاتی ہے کیونکہ یہ شادیاں جلدی ہوتی ہیں اور عام طور پر قلیل مدتی ہوتی ہیں، ان شادیوں میں اکثر مردوں کو رشتہ ختم کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ یہ اسکینڈل انتہائی منظم ہوتے ہیں اور جذباتی اور مالی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔
تنہائی کے باعث مرد دھوکاکھانے میں سر فہرست
چین میں جیون ساتھی کی تلاش میں مرد سب سے زیادہ دھوکا کھاتے ہیں اور اس کی سب سے بڑی وجہ ان کی تنہائی ہے، مرد اپنی تنہائی کو دور کرنے کے لیے اپنے جیون ساتھی کی تلاش میں سب سے زیادہ دھوکا کھاتے ہیں، ایک اندازے کے مطابق ایجنسیاں ہر روز 40 سے 50 مرد امیدواروں کو جعلی جیون ساتھی کی تلاش میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
گیانگ میں حکام کی جانب سے کریک ڈاؤن میں شدت کے باوجود ان میں سے بہت سی جعل ساز ایجنسیوں نے خود کو بچانے کے طریقے تلاش کر لیے ہیں۔
بڑھتی ہوئی آن لائن ڈیٹنگ صنعت کا تاریک پہلو
آن لائن جیون ساتھی کی تلاش میں دھوکا دہی کا عروج آن لائن ڈیٹنگ انڈسٹری کے تاریک پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ اگرچہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم لوگوں کے لیے جیون ساتھی سے ملنا آسان بناتے ہیں، لیکن وہ استحصال کے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔ مناسب ضابطے کے بغیر ان پلیٹ فارمز پر بڑھتے ہوئے انحصار نے دھوکا بازوں کو محبت کی تلاش میں کمزور افراد کو نشانہ بنانے کا موقع فراہم کیا ہے، جس سے وہ اکثر مالی اور جذباتی طور پر تباہ ہوجاتے ہیں۔
مزید استحصال کو روکنے کے لیے آن لائن ڈیٹنگ اور میچ میکنگ انڈسٹری کے اندر مضبوط قواعد و ضوابط، بہتر نگرانی، اور زیادہ شفاف طریقوں کی ضرورت ہے۔