چیمپئینز ٹرافی تنازع؛ پاکستان نے پیچھے ہٹنے کی کہانیاں “فضول” قرار دے دیں

بھارتی بورڈ اپنے میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، رپورٹس


لاہور(قدرت روزنامہ)چیمپئینز ٹرافی تنازع کے معاملے پر پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سرنڈر کرنے کی کہانیاں فضول قرار دیکر مسترد کردیں۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئینز ٹرافی تنازع حل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، ایک روز قبل بھارتی میڈیا نے مذاق اڑاتے ہوئے دعوے کیے تھے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دولت کے آگے ڈھیر ہوگیا اور اس نے ہائبرڈ ماڈل قبول کرلیا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے وطن واپسی پر دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ پاکستان نے اس معاملے پر کوئی سرنڈر نہیں کیا، اس حوالے سے سامنے آنے والی کہانیاں فضول ہیں، بھارتی بورڈ اپنے میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔
محسن نقوی نے گزشتہ چند روز کے دوران دبئی میں اہم میٹنگز میں شرکت کی اور ایونٹ کے حوالے سے اپنے موقف کے ساتھ مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اب پی سی بی کو اپنی تجاویز پر آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے جواب کا انتظار ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یواے ای میں چھٹیوں کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے موقف پر بدستور قائم اور اسے آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے، ادھر سابق کرکٹر راشد لطیف نے دعویٰ کیا کہ مسئلے کو حل کرنے کیلیے ایک اور اہم آئی سی سی ایمرجنسی بورڈ میٹنگ 5 دسمبر کو متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان واضح کرچکا کہ اگر بھارت اپنی ٹیم نہیں بھیجتا تو وہاں پر شیڈول ٹورنامنٹس کیلیے بھی پاکستانی ٹیم نہیں جائے گی اور ان کیلیے بھی ہائبرڈ ماڈل اپنائے جائیں، اس حوالے سے پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولہ پیش کیا گیا، جس میں پاکستان نے یہی موقف اپنایا ہے، البتہ فائنلز کے حوالے سے تجویز قبول کرنے میں بھارت ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔