وفاق کا رائٹ سائزنگ پلان، مزید کتنی وزارتیں نشانے پر ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے ریاست کی زیر ملکیت چلنے والے تجارتی اداروں (SOEs) کے خسارے کے ضمن میں بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی حکومت نے ریاست کی زیر ملکیت قائم تجارتی اداروں کے تقریباً 10کھرب روپے سالانہ نقصانات کی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی تجارتی ادارے نے متعدد اداروں کی ازسر نو تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شدید خسارے کا باعث بننے والے ان ریاستی تجارتی اداروں کو ʼرائٹ سائزنگ پلان‘ کے تحت بند کر دیا جائے گا، تاہم اس فیصلے کا اطلاق تمام اداروں پر نہیں ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پرنٹنگ کارپوریشن، لائیواسٹاک اینڈ ڈیری، ریلویز، او پی ایف، ایف ڈی بی، پی سی ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز میں تبدیلیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
ایسا پہلی بار ہے کہ پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرز میں 5 آزاد ڈائریکٹر شامل ہیں۔س حوالے سے مالی سال 2024 کی پہلی ششماہی کی سمری کا بھی جائزہ لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت آئندہ ہفتوں میں کچھ مزید وزارتوں اور محکموں کے لیے رائٹ سائزنگ پلان کی تفصیلات پیش کرنے والی ہے۔ اس حوالے سے منصوبہ منظوری کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور کابینہ کے ارکان کے سامنے پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے SOEs نے بورڈز کی تشکیل نو کی منظوری دے دی ہے تاکہ رائٹ سائزنگ سے متعلق فیصلے کا اطلاق مختلف اداروں پر کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ رائٹ سائزنگ پلان کے تحت تمام ریاستی ملکیت تمام تجارتی اداروں کو بند نہیں کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ ان اداروں کے مالی نقصانات سے متعلق جلد ہی رپورٹ جاری کرنے والی ہے۔