نوشکی ،ماسٹر فرید احمد بادینی کے اغوا کیخلاف احتجاج کیا جائے گا ، بی این پی
نوشکی(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی کے ضلعی سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماسٹر فرید احمد بادینی کے اغوا کے خلاف ان کے خاندان کی زیر اہتمام احتجاج کو کامیاب بنانا ہر ذی شعور شخص کی ذمہ داری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ماسٹر فرید احمد ایک استاد ہونے کے ساتھ علاقے کے ایک معزز خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے اغوا کے باعث نہ صرف ان کا خاندان شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہے بلکہ پورے علاقے میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔علاقائی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرانے کے باوجود پولیس نہ تو متاثرہ خاندان کو مطمئن کر سکی ہے اور نہ ہی طفل تسلی دینے کی زحمت گوارا کر رہی ہے۔ اس بے حسی اور خاموشی کے خلاف ماسٹر فرید احمد بادینی کے خاندان نے 15 دسمبر بروز اتوار صبح 10 بجے نوشکی شہر میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی نے اپنے تمام ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور فرید احمد بادینی کے خاندان کا ساتھ دیں۔بیان میں نوشکی کے تمام مکتبہ فکر کے افراد سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس احتجاج میں شریک ہو کر اپنی عزت نفس، چادر و چار دیواری اور اجتماعی بقا کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔