بنگلہ دیش کے نئے کرنسی نوٹ پر کام شروع، شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی جائے گی
بنگلہ دیش(قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش بینک اگلے 6 ماہ میں نئے کرنسی نوٹ جاری کرے گا جن پر ملک کے مرحوم صدر شیخ مجیب الرحمان کی تصویر نہیں ہوگی۔
یہ اعلان مرکزی بینک کی ترجمان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسن آرا شیکھا نے کیا۔
حسن آرا نے کہا کہ حکومت نے نئے ڈیزائن والے کرنسسی نوٹ لانے کی منظوری دے دی ہے اور اب ہمیں باقی عمل کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے نیا ڈیزائن 6 ماہ کے اندر گردش کے لیے تیار ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد شیخ مجیب کی تصویر کو ہٹانے پر غور شروع ہوگیا تھا۔ مرکزی بینک کے حکام نے انکشاف کیا کہ نئے ڈیزائن پر مذہبی نشانات، بنگلہ دیشی ورثے اور جولائی انقلاب سے متعلق عکس نمایاں ہوں گے۔
ابتدائی طور پر، نئے ڈیزائن کا اطلاق 20، 100، 500 اور ہزارٹکا کے نوٹوں پر ہوگا۔
سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن بنگلہ دیش لمیٹڈ، جسے عام طور پر ٹکسال کے نام سے جانا جاتا ہے، نے پہلے ہی پرنٹنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پرنٹنگ کا عمل
سنہ1976 میں قائم ہونے والی ٹکسال نے سنہ 1988 میں کرنسی نوٹ چھاپنے کا آغاز کیا تھا۔
پرنٹنگ سے پہلے ڈیزائن حکومت کی طرف سے منظور ہونا ضروری ہے. اس عمل میں ٹینڈرز کی طلبی، منظور شدہ ڈیزائن بنانے اور بین الاقوامی ٹینڈرز کے ذریعے پلیٹوں، کاغذ اور سیاہی کا اہتمام کرنا بھی شامل ہے۔
مجیب الرحمان کی تصویر کے بغیر نئے نوٹ چھاپنے کے لیے 2 طریقے ممکن ہیں۔ چونکہ حکومت نے موجودہ نوٹوں کو واپس لینے کا اعلان نہیں کیا ہے اس لیے بینک نئی پلیٹیں بنا کر منظور شدہ ڈیزائن کے ساتھ نئے نوٹ چھاپ سکتی ہے۔ تاہم اگر حکومت مکمل طور پر نئے ڈیزائن کا انتخاب کرتی ہے تو یہ عمل مزید پیچیدہ ہو جائے گا جس کے لیے نئے ٹینڈرز، سیکیورٹی کلیئرنس اور تصدیق کی ضرورت ہوگی اور اس سے ٹائم لائن کو 18-20 مہینوں تک بڑھایا جانا ہوگا جبکہ موجودہ ڈیزائن کو دوبارہ استعمال کرنے سے 6 ماہ کے اندر تکمیل کی اجازت مل سکتی ہے۔
حسن آرا نے میڈیا کو بتایا کہ بنگلہ دیش بینک باقاعدگی سے کرنسی نہیں چھاپتا کیوں کہ نوٹ عام طور پر 4-5 سال تک چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے نوٹ بار بار استعمال کی وجہ سے تیزی سے بگڑتے ہیں اور انہیں کثرت سے دوبارہ پرنٹ کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
تازہ ترین دوبارہ ڈیزائن کیا جانے والا نوٹ سنہ 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا جو 200 ٹکے تھا اور اس پر شیخ مجیب کی تصویر تھی۔
شیخ مجیب کی تصویر کے بغیر چھپنے والے آخری نوٹ سنہ 2009 میں اس وقت کے گورنر صلاح الدین احمد کے تحت جاری کیے گئے تھے جو اب عبوری حکومت کے اقتصادی مشیر ہیں۔