چین کی 60 بڑی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادہ، مریم نواز نے خوشخبری سنادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کہا ہے چین کے سرمایہ کار پنجاب میں انویسٹمنٹ کے لیے متمنی ہیں، چین کی 60 کمپنیون نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے، دورہ چین میں زراعت، آئی ٹی، ماحولیات، ایجوکیشن او رہیلتھ سمیت دیگر شعبوں کا بھرپور مشاہدہ کیا، جو ہم پنجاب میں بھی لائیں گے ۔
جمعرات کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 21واں اجلاس ہوا، اجلاس میں پارا چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اوردیگر سامان بھیجنے کی منظوری دی گئی۔
پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پارا چنار کے عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا، پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، انہوں نے متعلقہ حکام کو پارا چنار کے عوام کے لیےامدادی سامان فوری طورپر بھجوانے کی ہدایت کی۔
صوبائی کابینہ کے ارکان نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی، دورہ چین کے حوالے سے گفتگو میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ چین میں پاکستان کے وفد کو ملنے والی غیرمعمولی پذیرائی پنجاب کے عوام کے لیے باعث فخر ہے، چین نے 1.6ارب انسانوں کو اپنی طاقت بنا کر ترقی کی۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کی ترقی قابل تقلید مثال ہے، ہم بھی محنت کر وہ سب حاصل کرسکتے ہیں، چین کے اسکولوں، اسپتالوں اور روڈز پر کوئی کاغذ تک پڑا ہوا نہیں دیکھا، چین کے عوام میں اتھارٹی کو تسلیم کرنے کا رویہ قابل تقلید ہے، چینی عوام کے خیالات میں نا قابل بیان حد تک ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
چین کی کینسر کے علاج کے لیے جدید ترین تکنیک اپنا نے سے کیمو تھراپی کی ضرورت نہیں پڑتی’
انہوں نے کہا کہ دل چاہتا ہے کہ پنجاب چین کی طرح ہر دن ترقی کرے، چین کے سرمایہ کار پنجاب میں انویسٹمنٹ کے لیے متمنی ہیں، چھٹی کے باوجود ہفتے کے روز بڑے بڑے کاروباری اداروں کے نمائندوں کا پنجاب کی گول میز میں شرکت قابل تحسین ہے، چین کی نمایاں اور بڑی 60کمپنیوں کے نمائندوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی کا اظہارکیا-
ان کا کہنا تھا کہ چائنہ پنجاب ڈیسک کی منظوری دے دی گئی ہے، الٹراساؤنڈ جتنی بڑی مشین میں لیکوڈ نائیٹروجن سے کینسر ٹیومر کو ختم کیاجا سکتا ہے، چین کی کینسر کے علاج کے لیے جدید ترین تکنیک اپنا نے سے کیمو تھراپی کی ضرورت نہیں پڑتی، جلد پنجاب کے ایک اسپتال میں کینسر کے چینی علاج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کررہے ہیں، شاید اللہ تعالی نے کینسر کے جدید ترین علاج کی سہولت حاصل کرنے کے لیے ہی چین بھیجا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دورہ چین میں زراعت، آئی ٹی، ماحولیات، ایجوکیشن او رہیلتھ سمیت دیگر شعبوں کا بھرپور مشاہدہ کیا، پنجاب میں بھی لائیں گے، چین میں پنجاب کے وفد کو نا قابل یقین پذیرائی دی گئی۔
ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ائیر پروگرام کی منظوری
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ائیر پروگرام کی منظوری بھی دی گئی، صوبہ میں ای بس، چارجنگ سٹیشن، سپر سیڈر سمیت ملٹی سیکٹوریل اقدامات کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کی پہلی گرین بلڈنگ پراجیکٹ، کسان دوست گندم پالیسی، گندم کے اجرا کی پالیسی برائے سال 2024-25 کی منظوری بھی دی گئی، اجلاس میں کرشنگ سیزن 2024-25میں شوگر کین (ڈویلپمنٹ) سیس کے ریٹس برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں متعلقہ حکام نے بتایا کہ وزیراعلی کسان کارڈ سے 30ارب روپے کے زرعی مداخل کی خریداری کی گئی، پنجاب میں گندم کی خریداری کا 100فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا، گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 4500ٹریکٹر آچکے ہیں جبکہ ایک ہزار ڈلیور ہوچکے ہیں، پہلی مرتبہ پنجاب میں ڈی اے پی کھاد کے نرخ بڑھے نہ کمی ہوئی۔
اسپتالوں میں فری میڈیسن کے لیے فنڈز کی منظوری
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسپتالوں میں فری میڈیسن کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی اور صوبے میں شریمپ فارمنگ ایکو کلچر کا فروغ، سرکاری اراضی لیز پر دینے کے لیے شرائط وضوابط بھی منظور کیے، وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں شریمپ فارمنگ کے فروغ اور ایکسپورٹ کے لیے بھرپور اقدامات کی ہدایت کی۔
بچوں سے بھیک منگوانے پر سزا 10 سال تک بڑھا دی گئی
صوبائی کابینہ نے پنجاب ویگرنسی آرڈیننس 1958میں ترمیم،بچوں سے بھیک منگوانے کے لیے اپاہج کرنے پر سزا ایک سے 10سال کردی ہے۔
اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے ماڈل تھری کے لیے فنڈز کی منظوری
اجلاس میں وزیراعلی مریم نوازشریف نے متعلقہ حکام کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے فنڈز نہ روکنے کی ہدایت کی۔
داتا دربار کے صحن میں جدید ترین خود کار چھتریاں نصب کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ نے لاہور کے داتا دربار کے صحن میں جدید ترین خود کار چھتریاں نصب کرنے، آئی اینڈ سی کے اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کی بھرتی کے لیے پابندی میں نرمی اور ریسکیو 1122 ایمرجنسی اسٹاف کی بھرتیوں میں نرمی اور ریسکیو ایمرجنسی سروسز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی منظوری بھی دی۔
پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 1965میں ترمیم سمیت کئی اقدامات کی منظوری
صوبائی کابینہ نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی بنانے، سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کی ڈویلپمنٹ کی منظوری بھی دی، ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم پنجاب پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 1965میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری اسکولوں میں فرنیچر فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی جبکہ اسکول مینجمنٹ کونسل پالیسی 2024 کی منظوری کے ساتھ،مالیاتی اختیار 2.5ملین تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب میں اسکول مینجمنٹ کونسل کے تحت سینکڑوں ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا گیا، پنجاب بھر میں اسکول مینجمنٹ کونسل کے تحت 1100نئے کمرے بنائے جارہے ہیں۔
آئینی ترمیمی بل 2024 کے تحت نیوٹریشن کو بنیادی انسانی حقوق میں شامل کردیا گیا ہے، پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت لیبارٹری سرٹیفکیشن کے لیے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام، پروٹیکٹڈ ایریاز مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل نو، پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل نو اور کونسل آف رائٹس آف پرسن ود ڈس ایبلٹی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *