صرف تعلیم کے ذریعے ہی بلوچستان میں معاشی ترقی اور خوشحالی لائی جا سکتی ہے، کور کمانڈر


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے خضدار کے علاقے وڈھ میں واقع لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے طلبا اور فیکلٹی ممبران سے ایک خصوصی نشست کی۔ اس موقع پر جنرل راحت نسیم احمد خان نے نوجوانوں کی تعلیم اور ترقی کے حوالے سے اپنی اہم باتیں شیئر کیں اور طلبا کو اپنے صوبے بلوچستان کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی کور کمانڈر بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے نہ صرف نوجوان اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ اپنے صوبے کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کر سکتے ہیں انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ مایوسی کی باتوں کو نظر انداز کریں اور اپنے عمل سے لوگوں کے منفی خیالات کی نفی کریں بلوچستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ تعلیمی میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر اپنے صوبے کی تقدیر بدلیں، جنرل راحت نسیم احمد خان نے مزید کہا انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ مرکوز کریں اور اپنے آپ کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے محنت کریں اس نشست کے دوران طلبا نے کور کمانڈر بلوچستان سے مختلف سوالات کیے، جن کا جنرل راحت نسیم احمد خان نے مدلل اور تفصیلی انداز میں جواب دیا۔ طلبا نے اپنے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات پوچھے، جن میں تعلیم، روزگار کے مواقع، بلوچستان کے مسائل اور مستقبل میں حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے اقدامات شامل تھے جنرل راحت نسیم احمد خان نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف تعلیم کے ذریعے ہی بلوچستان میں معاشی ترقی اور خوشحالی لائی جا سکتی ہے ایک اور اہم بات جس پر کور کمانڈر نے زور دیا وہ تھی 21ویں صدی میں پھیلنے والی افواہیں اور غلط معلومات کی روک تھام۔ طلبا نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس طرح کی نشستیں نہ صرف ان کی معلومات میں اضافے کا باعث بنتی ہیں بلکہ یہ انہیں موجودہ دور میں پھیلنے والی افواہوں کا مقابلہ کرنے کے لیے صحیح راستہ دکھاتی ہیں۔طلبا نے کہا کہ اس طرح کی نشستیں بار بار ہونی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کے ذہنوں میں موجود غلط تصورات کو درست کیا جا سکے اور وہ بہتر فیصلے کرنے میں کامیاب ہوں کور کمانڈر بلوچستان نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ یونیورسٹی کے طلبا کی تعلیم اور ترقی کے لیے تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو علم اور تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے، اور وہ ہمیشہ اس میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *