ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔
جمعہ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 21 دسمبر ہفتہ سے 5 جنوری 2025 تک بند رہیں گے۔

دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں نے بھی موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات 23 دسمبر سے شروع ہوں گی اور اسکول 13 جنوری 2025 کو کھلیں گے۔
سندھ میں تعلیمی اداروں میں 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی، اس دوران سرکاری اور نجی دونوں اسکول بند رہیں گے۔
بلوچستان میں سردی کی وجہ سے موسم سرما کی تعطیلات 16 دسمبر سے شروع ہوئی تھیں۔ محکمہ تعلیم بلوچستان کے مطابق کوئٹہ سمیت 20 اضلاع میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 16 دسمبر سے بند رہیں گی۔
سرد درجہ حرارت والے علاقوں میں اسکول 28 فروری 2025 تک بند رہیں گے جبکہ صوبے کے نسبتاً گرم علاقوں میں یکم جنوری سے 10 جنوری تک 10 دن کا وقفہ ہوگا۔
موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے کئی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *