صدر اور وزیراعظم کی جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
پی آئی ڈی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ وزیراعظم نے فتنتہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشتگردوں کے سامنے کھڑی ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگرد حملے میں 16 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا۔
صدر مملکت نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔ دہشتگرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *