2024 کی بہترین انگریزی کتابوں میں سے آپ نے کون سی کتاب پڑھی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سال 2024 میں بیشتر قارئین نے محبت، رشتوں اور تخیلاتی دنیا کے کرداروں پر مبنی کتابوں کا انتخاب کیا لیکن ایسے پڑھنے والوں کی بھی کمی نہیں تھی، جنہوں نے اپنے لیے مشہور شخصیات کی یادداشتوں، سیاست، نفسیاتی پیچیدگیوں اور بدلتے رجحانات پر لکھی کتابیں بھی بڑے شوق سے پڑھیں۔
سرکانا عالمی امریکی کمپنی ہے جو مختلف چیزوں کی فروخت کے حوالے سے صارفین کے رویوں پر تحقیق کرتی ہے۔ اس کمپنی کا مقصد کاروباروں کے فروغ میں مدد کرنا ہے۔ سرکانا کتابوں کی فروخت پر بھی نظر رکھتی ہے اور لگ بھگ 85 فیصد کتابوں کے اعداد و شمار اکھٹے کرتی ہے۔
سرکانا کے اکٹھے کیے گئے اعداد و شمار کی روشنی میں سال 2024 میں شائع ہونے والی اور زیادہ پڑھی جانے والی کتابوں میں سے کچھ کا جائزہ لیتے ہیں:
ہاؤس آف فلیم اینڈ شیڈو (House of Flame and Shadow)
ہاؤس آف فلیم اینڈ شیڈو، معروف مصنفہ سارہ جے ماس کی 2024 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی 25 کتابوں میں شامل ہے۔ رومانس کی ڈوریوں میں لپٹی یہ کتاب سارہ کی ایک سیریز کریسنٹ سٹی کی تیسری قسط ہے۔ اس کتاب میں ان کرداروں کی کہانی کو آگے بڑھایا ہے جو ان کی پچھلی سیریز میں موجود تھے۔
دی اینگشئس جنریشن (The Anxious Generation)
جوناتھن ہائٹ کی کتاب ان لوگوں کے لیے ہے جو افسانوی اور تخیلاتی دنیا میں پناہ لینے کے بجائے حقیقت کا سامنا کرنا اور مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہتے ہیں۔ ہائٹ ایک ماہر نفسیات ہیں۔ ان کی یہ کتاب نوجوان نسل کی ذہنی صحت کا احاطہ کرتی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ کئی عشروں تک ذہنی صحت کی مسلسل ترقی کے بعد 2010 کی دہائی میں اس میں زوال آنا شروع ہوا اور اس کا اصل مجرم ہمارے سامنے ہے اور وہ ہے ڈیجیٹل اسکرینیں۔ جنہوں نے نئی نسل سے ان کے بچپن کے کھیل چھین کر ان کے ہاتھ میں سمارٹ فون کی اسکرنیں تھما دیں۔ جوناتھن ہائٹ کی کتاب 2024 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے اور پڑھی جانے والی کتابوں میں شامل ہے۔
وار (War)
باب وڈورڈ اپنی کتابوں کے موضوعات خبروں کے اندر سے تلاش کرتے ہیں۔ ان کی یہ کتاب واشنگٹن میں اقتدار کی راہداریوں کی سرگوشیاں سناتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار سے رخصت ہونے کے بعد بھی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔
ٹرمپ نے پوٹن کو کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی جدید مشینیں بھی بھیجی تھیں۔ ورڈ ورڈ نے اپنی کتاب میں یہ الزام بھی لگایا ہے کہ پوٹن نے یوکرین کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر سنجیدگی سے غور کیا۔
ملانیا (Melania)
ملانیا ٹرمپ امریکا کی سابق خاتون اول ہونے کے ساتھ مستقبل کی بھی خاتون اول ہیں۔ وہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ ہیں۔ اس سے قبل اپنی نجی زندگی کے بارے میں انہوں نے کم ہی بات کی ہے، لیکن اپنی پہلی کتاب میں ملانیا نے اپنی یادداشتیں رقم کی ہیں۔
ملانیا نے کتاب کی زیادہ پبلیسٹی نہیں کی تھی پھر بھی اس کی ہزاروں کاپیاں فروخت ہوئیں خاص طور پر ان کے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں جیت کے بعد۔
دی ایراز ٹور بک (The Eras Tour Book)
سال 2024 کی اہم کتابوں میں ٹیلر سوئفٹ کی ’دی ایراز ٹور بک‘ بھی شامل ہے۔ اشاعت کے پہلے ہی ہفتے میں اس کی 8 لاکھ 14 ہزار کاپیاں فروخت ہوئیں جو کسی غیر افسانوی کتاب کی فروخت کا دوسرا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ باراک اوباما کی کتاب نے قائم کیا تھا۔ ٹیلر کی کتاب کی فروخت اس سے محض 2000 کاپیاں پیچھے ہے۔
یہ کتاب ان کی موسیقی کے سفر کی داستان ہے، جس کا تعلق مختلف ادوار سے ہے۔ کتاب میں ان کی البمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹیلر کہاں ہیں، کہاں رہی ہیں اور زندگی انہیں کہاں لے جا رہی ہے۔ ٹیلر کے نغموں کے موضوعات، محبت، ہجر، وصال، دل کا ٹوٹنا اور اداسی ہیں، جو سننے والوں کو اپنے دل کی آواز جیسے لگتے ہیں۔ اور یہی ان کی مقبولیت کی کلید ہے۔