سال 2024 میں شوبز کے آسمان سے ٹوٹ جانے والے ستارے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نامور فنکاروں کی موت نے انڈسٹری میں ایک خلا پیدا کردیا ہے، سال 2024 شوبز کی دنیا کے لیے بڑے نقصانات لے کر رخصت ہوا۔ پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے منفرد انداز اور بے مثال ٹیلنٹ کے سبب مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی نامور پاکستانی شخصیات، جنہوں نے 2024 میں دنیا سے کوچ کرلیا۔
اداکار خالد بٹ
سال 2024 کے آغاز میں شوبز انڈسٹری کے بڑے فنکار خالد بٹ دنیا سے رخصت ہوئے اداکار خالد بٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن سے کیریئر کا آغاز کیا اور مختصر سے عرصے میں لاکھوں دلوں میں گھر کرلیا۔ انہوں نےاردو اور پنجابی فلموں سمیت لنڈا بازار، دلی گیٹ، اندھیرا اجالا سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا آخری شاہکار ڈراما خئی تھا۔ دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلہ فن و ادب کا در خشندہ ستارہ گیارہ جنوری کو دنیا فانی سے کوچ کرگیا۔
راشد ڈار
پی ٹی وی کے سنہرے دور کے سینئر پروڈیوسر راشد ڈار بھی ان نامور شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے 2024 میں ہمیں ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا۔ وہ کئی عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے۔ 20 مارچ کو 84سال کی عمر میں دنیا فانی سے رخصت ہوگئے۔ راشد ڈار الف نون، من چلے کا سودا، سونا چاندی اور اندھیرا اجالا جیسے ڈرامے بنانے پر شہرت رکھتے تھے۔ لاہوری مزاح نگاری کا سرخیل قرار دیے جانے والے راشد ڈار کی تخلیقات جیسی مقبولیت کسی کو نصیب نہ ہوئی۔
طلعت حسین
عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کے نام کرنے والے ریڈیو، ٹیلی ویژن اور سنیما کے نام کرنے والے اداکار طلعت حسین نے لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ سے تعلیم حاصل کی، 70کی دہائی میں فن کا آغاز کیا اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کو اپنی منفرد انداز اداکاری سے دوام بخشا ۔1982میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور 2021میں ستارہ امتیازسے نوازا گیا۔ طویل عرصے سے علالت کے باعث اداکار طلعت حسین کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے کہ 26مئی کو ان کے انتقال کی خبر سے انڈسٹری میں اچانک سوگ کا سما چھا گیا۔
تسکین ظفر
پاکستان ٹیلی ویژن کی نیوز کاسٹر اور ریڈیو اناؤنسر تسکین ظفر جون میں خالقِ حقیقی سے جا ملیں، وہ کچھ عرصے سے بیمار تھیں جس کے بعد 67سال کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئیں۔
عبداللہ چلی
نامور مصنف اور فلم رائٹر عبداللہ چلی بھی دنیا سے رخصت ہوئے انہوں نے اپنے کیرئیر میں کئی یادگار فلمیں دیں، اور جاندار مکالمے تحریر کیے۔
ناہید انصاری
اپنی مسحور کن شخصیت اور بہترین کھانا پکانے کی مہارت سے ناظرین کو اپنا گرویدہ کرنے والی شیف ناہید انصاری مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے لذیذ کھانوں اور بیکنگ کلاسز کے باعث کافی مشہور تھیں۔ انہوں نے نہ صرف کھانا بنایا بلکہ ان کی ترکیبیں اور ٹپس پاکستان کے متعدد گھروں کا حصہ بن گئیں ناہید انصاری نے کینسر سے طویل جنگ کے بعد جولائی 2024 کو دنیا کو خیر باد کہہ دیا۔
سردار کمال
پاکستانی سینما اور تھیٹر کے معروف مزاحیہ اداکار سردار کمال بھی ان پاکستانی فنکاروں میں شامل ہیں جو 2024 میں 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ تھیٹر، فلموں اور ڈراموں میں کام کیا وہ ہندوستانی پنجابی فلموں کا بھی حصہ رہے، اپنے شاندار کیرئیر کے دوران سردار کمال نے 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کی، جس میں اپنی بے مثال مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ انہوں نے لاتعداد اسٹیج ڈراموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے۔
حنیا اسلم
کوک اسٹوڈیو سیزن 2 سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا ‘ سے وابستہ معروف پاکستانی گلوکارہ حنیا اسلم بھی سال 2024 میں دنیا سے کوچ کرجانے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کا انتقال پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔ گلوکارہ حنیا اسلم صرف 39 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے اگست 2024 میں انتقال کر گئیں۔
شبیر مرزا
مرجھائے چہروں پر ہنسی بکھرنے والا پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کا کامیڈی سیریل ’گیسٹ ہاؤس’ کی جان معروف اداکار شبیر مرزا ستمبر 2024 میں دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔ اپنی جاندار اداکاری سے مختلف ایوارڈز اپنے نام کرنے والے اداکار شبیر مرزا کینسر جیسی موذی مرض سے زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے۔
شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی
ماہ ستمبر میں اداکارہ شگفتہ اعجاز کے گھر سے بھی ایک بری خبر سامنے آئی جو ان کے دوسرے شوہر یحییٰ صدیقی کے انتقال کی تھی۔ یحییٰ صدیقی کئی عرصے سے کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑ رہے تھے جس کے سبب وہ اپنے اہل خانہ کو غم زدہ چھوڑے کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔
الطاف حسین
سال 2024 میں فلم۔انڈسٹری کے نامور ہدایت کار الطاف حسین مداحوں کو سوگوار کرگئے دھی رانی مہندی لونگ دا لشکارہ سمیت کئی سپرہٹ فلمیں دینے والے الطاف حسین نے کئی چہرے انڈسٹری میں متعارف کروائے۔
مظہر علی
ماہ اکتوبر میں سینئر اداکار مظہر علی کئی عرصے سے پھیپھڑوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں وہ اکتوبر 2024 میں دم توڑ گئے۔ مظہر علی اپنے کیرئیر میں کئی مشہور ڈراموں جیسے عروسہ، افشاں اور دیمک کا حصہ رہے، وہ اپنے دھیمے لہجے، ٹھہراؤ کے ساتھ جملوں کی ادائیگی کے سبب اداکاری کی دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ شاعری سے بھی خاصہ شغف رکھتے تھے۔
عابد کشمیری
انہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلم میں بہترین کام کیا اور ایک شاندار کیریئر حاصل کیا۔ پاکستان کے سینئر اداکار عابد کشمیری بھی طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں اکتوبر میں انتقال کرگئے۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئے تھے لیکن حال ہی میں پاکستان آئے تھے اور 11 اکتوبر 2024 کو ان کا انتقال ہوا۔
استاد طافو
فن موسیقی کا بڑا نام استاد طافو بھی اسی سال رخصت ہوئے کئی لازوال فلموں کی موسیقی دینے والے استاد طافو کو فن موسیقی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔
سال 2024 شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات منوں مٹی تلے جا سوئیں۔ اگرچہ زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے لیکن دنیا چھوڑ جانے والے ان شخصیات کی یادیں اور کارنامے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *