لاکھوں کا خرچہ، کمائی زیرو، بھارتی خاتون نے یوٹیوب کیریئر چھوڑ دیا
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کی ایک خاتون یوٹیوبر نے اپنے چینل کی کامیابی کےلیے لاکھوں کی سرمایہ کاری کرنے کے باوجود بہتر رزلٹ نہ ملنے پر یوٹیوب چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی 250 سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کردی ہیں۔
مختصر پیغامات کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر) پر ایک پوسٹ بہت تیزی سے وائرل ہوئی ہے جس میں بھارتی یوٹیوبر نالنی جوناگڑھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پچھلے تین سال میں اپنے چینل پر 8 لاکھ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کے بعد مزید مواد تخلیق کرنا چھوڑ رہی ہیں۔ انھوں نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب انھیں یوٹیوب سے کوئی آمدنی نہیں ملی۔
نالنی جوناگڑھ یوٹیوب پر Nalini`s Kitchen recipe کے نام سے کوکنگ چینل چلاتی تھیں۔ نالنی نے اپنی ٹویٹ میں باورچی خانے کے لوازمات اور اسٹوڈیو کا سامان فروخت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یوٹیوبر نے لکھا ہے کہ ’’میں اپنے یوٹیوب کیریئر میں ناکام رہی ہوں، اس لیے میں اپنے باورچی خانے کے تمام لوازمات اور اسٹوڈیو کا سامان فروخت کررہی ہوں۔
اور اور فالو اپ پوسٹ میں نالنی نے یوٹیوب سے ہونے والے مالی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میں آج یہ اعتراف کرتی ہوں کہ میں نے باورچی خانے کی تعمیر، اسٹوڈیو کا سامان خریدنے اور پروموشن کےلیے اپنے یوٹیوب چینل پر تقریباً 8 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ لیکن واپسی؟ 0 روپے۔‘‘
نالنی کی پوسٹیں وائرل ہونے کےبعد صارفین نے اسے ہار نہ ماننے کی تاکید کی ہے۔ تاہم نالنی نے اپنے فیصلے کی وجوہات میں لکھا کہ اس کی تین سال کی لگن، 250 سے زیادہ ویڈیوز کے باوجود کوئی بامعنی نتیجہ نہیں نکلا۔
نالنی نے دیگر لوگوں کو بھی مشورہ دیا کہ ’’آن لائن پلیٹ فارمز کو بھی تھوڑی قسمت کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا یہ عقلمندی ہے کہ آمدنی کے بنیادی ذریعے کے طور پر ان پر انحصار نہ کریں۔ اگلے دن آپ کے بیدار ہونے سے پہلے ہی آپ کی ’دکان‘ بند ہوسکتی ہے۔‘‘