پشاور میں رواں سال 615 افراد قتل ہوئے، جرائم سے متعلق پولیس کی سالانہ رپورٹ جاری
پشاور (قدرت روزنامہ)پشاور میں مختلف جرائم سے متعلق پولیس نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق پشاور شہر میں سال 2024 کے دوران قتل،اغواء،چوری،ڈکیتی و دیگر جرائم کے 8 ہزار 811 مقدمات درج ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر میں رواں سال 14 سال سے کم عمر 27 بچے اغواء ہوئے، پولیس دستاویزات کے مطابق بچوں کے اغواء میں نامزد 26 ملزمان سے کوئی گرفتار نہ ہو سکا۔
رواں سال پشاور میں تلخ کلامی،پرانی دشمنی،خونی ڈکیتی،جائیداد تنازعات سمیت دیگر وجوہات کی بناء پر 557 واقعات رونما ہوئے۔
دستاویز کے مطابق رواں سال شہر میں 615 افراد قتل ہوئے، قتل واقعات میں ایک ہزار 380 نامزد ملزمان میں سے 798 ملزمان گرفتار ہوئے ، باقی ملزمان مفرور ہیں۔ شہر کے مختلف تھانوں میں اقدام قتل کے 843 کیسز درج ہیں۔
پولیس دستاویز میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال قتل کے 539 کیسز رپورٹ ہوئےتھے۔ شہر کے مختلف تھانوں میں چوری ، ڈکیتی سمیت مختلف جرائم کے 3 ہزار 502 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ مختلف مقدمات میں 8 ہزار 811 ملزمان پولیس کو مطلوب تھے جن میں 6 ہزار 272 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 14 ملزمان راہزنی کے دوران پولیس انکاؤنٹر میں مارے گئے جبکہ 257 ملزمان گرفتار ہوئے جن میں 180 ملزمان پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔