مدراس رجسٹریشن معاملہ، سوسائٹیز ایکٹ 2024 کی تفصیلات جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مطالبات منظور کرتے ہوئے سوسائٹیز ایکٹ 2024 نافذ کردیا اور اس حوالے سے تمام تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے سوسائٹیزرجسٹریشن ایکٹ 2024 کے مطابق ایکٹ کے اجرا سے پہلے قائم نان رجسٹرڈ مدارس کو 6 ماہ میں رجسٹریشن کرانا ہوگی اوراس ایکٹ کے بعد قائم ہونے والے مدارس کو ایک سال میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

ایکٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر مدرسے کو اپنی تعلیمی اور مالیاتی سرگرمیوں کی آڈٹ رپورٹ متعلقہ رجسٹرار کے پاس جمع کرانا ہوں گی، کسی نام سے کوئی ایک مرکزی مدرسہ رجسٹرڈ ہوگا تو اس کی ہر برانچ کو الگ رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید کہا گیا ہے کہ مدرسے میں عسکری، فرقہ وارانہ اور نفرت پر مبنی نصاب یا مواد پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم تقابل ادیان پڑھایا جاسکے گا اور مدارس اپنے وسائل کے مطابق مرحلہ وار عصری مضامین کا اجرا بھی کریں گے۔

ایکٹ کے مطابق سوسائٹیز ترمیمی ایکٹ 2024 کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو کسی اور قانون کے تحت رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ مدارس کے حوالے سے پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے دستخط کردیے ہیں اور اس کے ساتھ ہی مذکورہ بل قانون بن گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *