بھارت مسئلہ کشمیرعوامی امنگوں کے مطابق حل کردے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں،عمران خان
ریاض(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔
سعودی عرب انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کےباہمی تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام کی وجہ عوامی تعلقات ہیں، سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانےکےلیےپاکستان پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، قومی ایئرلائن پی آئی اے اس وقت کی بہترین ایئر لائن تھی، پاکستان کی اکثریتی آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع ہیں، اور سعودی سرمایہ کاروں کےلیے پُرکشش ملک ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کل رات پاکستان نے بھارت کو میچ میں بری طرح پچھاڑ دیا، یہ میچ پر بات کرنے کا مناسب وقت نہیں ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔