سلمان خان 59 سال کے ہو گئے، امبانی سمیت اہم شخصیات کی سالگرہ تقریب میں شرکت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار و معروف فلمی اسٹار سلمان خان 59 سال کے ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنی 59 ویں سالگرہ کا کیک معروف بھارتی بزنس مین امبانی کی جانب سے سجائی گئی ایک پروقار تقریب میں کاٹا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر جام نگر میں ایک بڑی پارٹی کا اہتمام کر رکھا تھا جس میں سلمان خان کی فیملی، دوست اور بالی ووڈ کے دیگر فلمی اسٹارز سمیت معروف بزنس مین امبانی بھی شریک ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سلمان خان اپنی بھتیجی آیت کے ساتھ اپنی سالگرہ مناتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
سیاہ قمیض اور جینز میں ملبوس سلمان خان نے اپنی بھتیجی آیت کو اپنی گود میں لیا ہوا ہے اور وہ ایک سفید رنگ کا بڑا کیک کاٹ رہے ہیں۔
اس موقع پر معروف بزنس مین امبانی ان کی اہلیہ اور دیگر سلمیٰ خان، ہیلن، ارپیتا، آیوش، الویرا، ارحان اور نروان سمیت فیملی کے بے شمار افراد کو خوشی سے گاتے اور تالیاں بچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جشن کا اختتام حیرت انگیز آتش بازی کے ساتھ ہوا۔
تقریب کے مقام کو خوبصورت روشنیوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا، پس منظر میں سلمان خان کی فلموں کے گانے چل رہے تھے۔ اتل اگنی ہوتری نامی صارف نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ کنگ سلمان خان اپنی 59 ویں سالگرہ منا رہے ہیں‘۔
سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے نروان اور ارحان خان کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ ’آپ سے محبت کرتا ہوں بھائی جان‘۔ ڈین پانڈے نے جام نگر جشن کی جھلکیاں بھی شیئر کیں، جس میں سلمان خان کی سالگرہ کے لیے خوبصورتی سے سجایا گیا مقام دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی اگلی فلم ‘سکندر’ کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 80 سیکنڈ کے اس کلپ میں سلمان کو اوتار کے طور پر ایکشن سے بھرپور دکھایا گیا ہے، جو دشمنوں سے شدید شدت کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کردار اسرار اور طاقت کو ظاہر کرتا ہے، جو ایک سنسنی خیز ، ہائی آکٹین ڈرامے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
اے آر مروگاداس کی ہدایتکاری اور ساجد ناڈیاڈوالا کی پروڈیوس کردہ فلم سکندر میں سلمان خان، رشمیکا مندنا، ستیہ راج، پرتیک ببر، کاجل اگروال اور شرمن جوشی شامل ہیں۔