نئے سال کی آمد ،وزیر اعلیٰ کا سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا حکم، ہوائی فائرنگ سے گریز کی اپیل
لاہور (قدرت روزنامہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نئے سال کی تقریبات پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوامی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے تعاون سے ہر قسم کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے۔ عوام نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری سے منائیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تلقین کی کہ عوام ہوائی فائرنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے اور قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔شراب نوشی و خرید و فروخت کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نئے سال کا آغاز ایک محفوظ اور پرامن ماحول میں کرنا چاہیے۔ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔