رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح کیا رہی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ادارہ شماریات نے روان مالی سال کے 6 ماہ (جون تا دسمبر) میں مہنگائی کے حوالے سے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.22 فیصد رہی جبکہ اسی عرصے میں گزشتہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 28.79 فیصد تھی، دسمبر کے دوران پاکستان میں مہنگائی سالانہ بنیاد پر 4.1 فیصد رہی، گزشتہ سال دسمبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 29.7 تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس سال شہری آبادی میں افراط زر کی شرح کم ہوکر 4.4 فیصد پر آگئی ہے، نومبر میں شہری افراط زر کی شرح 5.2، گزشتہ سال دسمبر میں 30.9 تھی، دسمبر میں دیہی علاقوں میں افراط زر کم ہو کر سالانہ 3.6 فیصد رہ گئی، ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں افراط زر 4.3 فیصد اور دسمبر 2023 میں 27.9 فیصد تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر میں آلو 12.42 فیصد، تازہ پھل 8.84 فیصد مہنگے ہوئے، گھی 5.42 فیصد، کوکنگ آئل 4.39 فیصد، شہد 2.79 فیصد مہنگا ہوا۔ چینی 2 فیصد، مچھلی 1.82 فیصد، انڈے1.01 فیصد مہنگے ہوئے،گوشت 0.81 فیصد، خشک میوے 0.32 فیصد اور گندم 0.27 فیصد مہنگی ہوئی۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران چکن 13.06 فیصد،پیاز4.91 فیصد، ٹماٹر 3.28 فیصد، دال چنا 6.94 فیصد اور ماش کی دال 2.59 فیصد سستی ہوئی۔