’میری بیٹی کی ویڈیوز ڈیلیٹ کریں‘ زارا نور عباس صارفین پر برہم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے صارفین پر برہم ہوتے ہوئے ان سے اپنی بیٹی کی تمام تصاویر سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ اگر میں نے اپنی بیٹی کی تصویر خود نہیں دکھائی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ میں اسے پرائیویٹ رکھنا چاہتی ہوں، اس کے باوجود کچھ لوگ اس کا احترام نہیں کررہے۔
زارا نور عباس کا مزید کہنا تھا کہ آپ سب سے درخواست ہے کہ براہِ مہربانی میری بیٹی کی ویڈیوز پوسٹ کرنا بند کردیں اور اگر آپ پوسٹ کرچکے ہیں تو پلیز انہیں ڈیلیٹ کردیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں زارا نور عباس کے بھائی احمد عباس گل کی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں جس میں زارا اور ان کی والدہ اسما عباس نمایاں نظر آ رہی تھیں۔ ایسے میں ایک اور ویڈیو آئی جس میں زارا نور ایک بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے تھیں جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ ان کی بیٹی ہے۔
یاد رہے کہ 27 مارچ کو زارا نور عباس اور اسد صدیقی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے نورِ جہاں رکھا۔ اداکارہ نے بیٹی کا چہرہ نہ دکھانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ نورِ جہاں کا چہرہ جلدی نہیں دکھائیں گی کیونکہ نظر لگ جائے گی لہٰذا جب تک آپ صرف بچی کی اماں کو برداشت کریں۔
اس سے قبل سال 2021 میں زارا نور عباس کا بیٹا انتقال کرگیا تھا، اس حوالے سے اسد صدیقی نے ایک انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ اُن کی اہلیہ کا پہلا حمل ضائع نہیں ہوا تھا بلکہ بعض پیچیدگیوں کے باعث بچے کی قبل از وقت (6 ماہ کے) بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
اسد صدیقی کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے خود اپنے اور زارا نور عباس کے بچے کی تدفین کی تھی جبکہ بچے کے انتقال کی وجہ سے زارا نور عباس ڈپریشن میں چلی گئی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *