بصارت سے محروم افراد کیسے تعلیم حاصل کرتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کاغذ پر ابھرے ہوئے چھوٹے چھوٹے نقطے بصارت سے محروم افراد کے لیے ایک خاص زبان کی طرح ہیں، وہ انہیں انگلیوں سے چھو کر پڑھ سکتے ہیں اور ان سے بہت سی باتیں سمجھ سکتے ہیں، اس خاص زبان کو ’بریل‘ کہتے ہیں۔
یہ نظام 6 نقطوں پر مبنی ہوتا ہے جنہیں 2 کالموں میں 3، 3 نقطوں کے طور پر ترتیب دیا جاتا ہے، ہر نقطے کا ایک عددی اندراج ہوتا ہے، ان نقطوں پر انگلیاں پھیری جاتی ہیں اور لکھی ہوئی تحریر کا مفہوم سمجھ لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر صرف پہلی قطار کے پہلے اور تیسرے نقطے ابھرے ہوئے ہوں تو یہ انگریزی زبان میں حرف ‘A’ کو ظاہر کرتا ہے، اگر تمام 6 نقطے ابھرے ہوئے ہوں تو یہ انگریزی زبان میں حرف ‘W’ کو ظاہر کرتا ہے۔
4 جنوری کو دنیا بھر میں بریل کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ’بریل‘ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ بریل کی ایجاد نے بصارت سے محروم افراد کو پڑھنے، لکھنے اور سیکھنے کا ایک نیا راستہ فراہم کیا ہے۔ آج کل بریل کی کتابیں، اخبارات اور بہت سی دوسری چیزیں بھی موجود ہیں جو بصارت سے محروم افراد کے لیے بہت مفید ہیں۔
بریل کون تھا؟
لوئس بریل (Louis Braille) ایک فرانسیسی ماہر تعلیم اور مؤجد تھے، جنہوں نے نابینا افراد کے لیے ایک تحریری نظام متعارف کرایا جو آج ’بریل‘ کے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بریل 4 جنوری 1809 کو فرانس کے شہر ’کوپیرے‘ میں پیدا ہوئے، بچپن میں ایک حادثے کے نتیجے میں ان کی بینائی ضائع ہو گئی تھی، مگر اس کے باوجود انہوں نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور نابینا افراد کے لیے ایک ایسا طریقہ ایجاد کیا جس سے وہ بھی پڑھ اور لکھ سکیں۔
بریل مختلف نشانات یا ڈاٹس (نقطے) ہوتے ہیں جو حروف، نمبروں اور علامتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ نظام نابینا افراد کو پڑھنے اور لکھنے میں خودمختاری فراہم کرتا ہے۔ آج اس نظام کو دنیا بھر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ لوئس بریل کا یہ اہم کارنامہ 1830 کی دہائی میں مکمل ہوا تھا، ان کی اختراع نے دنیا بھر میں بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا ہے۔
ڈیجیٹل بریل ڈسپلے
یہ ایک ایسا آلہ ہے جو الیکٹرونک طور پر بریل کے نقطے پیدا کرتا ہے۔ اس میں ایک چھوٹی اسکرین ہوتی ہے جس پر تحریر کا متن بریل کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ اسے کمپیوٹرز، اسمارٹ فونز اور دیگر الیکٹرونک آلات سے جوڑا جاسکتا ہے، نابینا افراد ان آلات کی مدد سے کوئی بھی تحریر پڑھ سکتے ہیں۔
بریل پرنٹر
یہ پرنٹر عام پرنٹرز کی طرح ہی کام کرتا ہے، لیکن یہ متن کو کاغذ پر بریل کی شکل میں پرنٹ کرتا ہے۔ اس سے کتابیں، دستاویزات اور دیگر مواد کو بریل میں تبدیل کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
اسمارٹ بریل گھڑیاں
یہ گھڑیاں صرف وقت ہی نہیں بتاتی بلکہ ان میں بہت سی دیگر خصوصیات بھی ہوتی ہیں جیسا کہ کالز، پیغامات اور الرٹس کو بریل میں پڑھنا وغیرہ۔
بریل کی ایپلی کیشنز
آج کل بہت سی ایپس موجود ہیں جو نابینا افراد کو موبائل فونز اور ٹیبلٹس پر بریل میں پڑھنے اور لکھنے میں مدد کرتی ہیں۔
بریل ٹرانسلیٹر
یہ ایک سوفٹ ویئر ہے جو کسی بھی ڈیجیٹل متن کو بریل میں تبدیل کرسکتا ہے۔ اس سے نابینا افراد کسی بھی ڈیجیٹل مواد کو آسانی سے پڑھ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *