اداکارہ آمنہ ملک کیوں اپنی بیٹیوں کو شوبز کی دنیا سے دور رکھنا چاہتی ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ آمنہ ملک کا کہنا ہے کہ وہ کبھی نہیں چاہیں گی کہ ان کی بیٹیاں شوبز انڈسٹری میں آئیں۔
ماڈل، اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی اور شوبز کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ آمنہ ملک نے بتایا کہ انہوں نے ساری زندگی شوبز انڈسٹری میں گزار دی ہے، ابھی اور بھی کام کریں گی لیکن کبھی نہیں چاہیں گی کہ ان کی بیٹیاں اس انڈسٹری کا حصہ بنیں۔
میزبان نے بیٹیوں کے شوبز میں نہ آنے کی وجہ پوچھی تو آمنہ ملک نے کہا کہ ہمارے ہاں راتوں رات اداکار نہیں بنا جاتا اس میں جدوجہد شامل ہوتی ہے جس میں بہت سی چیزیں ہوتی ہیں جس طرح اداکاروں سے بات کی جاتی ہے کبھی نہیں چاہوں گی کہ میری بیٹی سے اس طرح بات کی جائے یا اُسے اس نظر سے دیکھا جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ کسی کا نام نہیں لوں گی لیکن ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے کام نہیں دینا لیکن کہتے ہیں ہم کراچی آرہے ہیں آپ آج کیا کررہی ہیں، کافی پینے چلیں جنہیں میں انکار کردیتی ہوں۔
آمنہ ملک نے ڈرامے کے لیڈ کرداروں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسرے لوگوں سے اچھے سے پیش نہیں آتے اور وہ کبھی نہیں چاہیں گی کہ ان کی بیٹیوں سے بلاوجہ کوئی بدتمیزی کرے کہ آج تم وقت پر نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ ماڈل، اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک کی 2 بیٹیاں ہیں۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے محض ساڑھے 18 برس کی عمر میں یہی سوچ کر شادی کی کہ ڈانس، تقریبات اور ہنگامے ہوں گے، مزہ آئے گا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کسی چیز کا احساس نہیں تھا۔ انہوں نے کم عمری میں شادی کی اور رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد ہی انہیں گھر اور دوسری ذمہ داریوں کا علم ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد انہیں پتا چلا کہ وہ بہت سارے کام نہیں کر سکتیں، جیسا کہ شادی کے بعد اگر گھر کی کوئی چیز ختم ہوجاتی تو انہیں وہ لے آنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی، اس سے قبل وہ ایسی چیزیں لاتی رہتی تھیں۔
آمنہ ملک کے مطابق شادی کے چند دن بعد جب تقریبات ختم ہوئیں اور ہر کوئی اپنے اپنے کام میں لگ گیا، تب انہیں محسوس ہونا شروع ہوا کہ شادی کا اصل مطلب کیا ہوتا ہے؟ اور اس میں کتنی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *