’ لنڈے کی جیکٹ سے 100 پاؤنڈز ملے‘، اداکار عاصم محمود


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکار اور میزبان عاصم محمود کا کہنا ہے کہ انہوں نے لنڈے سے ایک جیکٹ خریدی جس میں سے انہیں 100 پاؤنڈز کا ایک نوٹ ملا۔
عاصم محمود نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی۔
اپنے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے کالج میں سردیوں میں نیلے رنگ کا سویٹر، کوٹ یا جیکٹ پہننے کی اجازت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سردی بڑھ گئی تو انہوں نے سوچا گھر جا کر والدین سے کہیں گے کہ نیلے رنگ کا سویٹر یا جیکٹ لا دیں۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے سیالکوٹ کے گورنمنٹ کالج آف کامرس سے بی کام کیا ہے، اس کالج کے قریب ہی لنڈا بازار لگا کرتا تھا جہاں انہیں ایک جیکٹ دیکھتے ہی پسند آ گئی تو انہوں نے وہ جیکٹ خرید لی۔ اس جیکٹ میں بہت ساری جیبیں تھیں دکاندار نے اس جیکٹ کی قیمت 150 روپے مانگی جبکہ انہوں نے وہ 100 روپے میں خرید لی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ گھر آتے ہی انہوں نے وہ جیکٹ دھونے کے لیے مشین میں ڈال دی اور سکھانے کے بعد جب وہ اسے استری کر رہے تھے تو جیکٹ کے اندر ایک خفیہ جیب تھی جسے انہوں نے اس نیت کے ساتھ کھولا کہ اس میں سے ڈالرز نکلیں گے اور جب انہوں نے اس جیب کو کھولا تو اس میں سے انہیں 100 پاؤنڈز ملے۔
اداکار نے بتایا کہ اگلے دن انہوں نے پاؤنڈز کو کرنسی ڈیلر سے ایکسچینج کروایا تو اس کے بدلے انہیں 9 ہزار روپے ملے تھے۔ جس کی انہوں نے دوستوں کے ساتھ پارٹی کی، کچھ خریداری گھر کے لیے کی اور باقی جتنے پیسے بچے اس سے انہوں نے شاپنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں انہیں ہفتے کی پاکٹ منی تقریباً 500 روپے ملتی تھی اور جب انہیں یہ نوٹ ملا تو بہت خوشی ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *